Asansol

قومی یوم تعلیم کے موقع پر صداے ادب کا پروگرام کامیابی سے ہمکنار

آسسول ( نماٸندہ )ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش 11/ نومبر کو یوم تعلیم کے طور پر منانے کے لیے صداے ادب آسنسول نے کالج کے طلبہ وطالبات کے ساتھ ایک تعلیمی و ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا. بی سی کالج کی ایم اے انگلش کی تھرڈ سمسٹر کی طالبہ بہرخ سحر نے اس پروگرام کی نظامت بڑے سلیقے سے کی جبکہ معروف شاعر و صحافی و صابق صدر مدرس سردار رب نواز صارم نے صدارت کا فریضہ ادا کیا. ڈاکٹر شگوفہ تمنا (لکچرر سوامی وویکا نندا انٹر کالج) نے مولانا ابوالکلام آزاد کی حیات و خدمات کے عنوان سے ایک پر مغز مقالہ حاضرین کے گوش گزار کیا. اس موقع پر یو جی اور پی جی کی طالبات نے بھی رنگا رنگ ثقافتی و تعلیمی صلاحیتوں کا دلکش و دلفریب مظاہرہ کیا جسے حاضرین نے پسندیدگی کی سند سے نوازا. ان طلبہ و طلبات میں حمیرا صدیقی، خوش نوری، معصومہ اصغر، نصرت پروین، موقیتہ خاتون، محمد آصف، بنفشہ، عطیہ فردوس، خدیجہ، سائقہ کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں. بعد ازاں میر صارم نے اپنی انگلش تقریر کے ذریعہ ابوالکلام آزاد کی کتاب زندگی کے کچھ زریں اوراق اس خوبصورتی سے پلٹے کہ نشست گاہ داد و تحسین کے کلمات سے گونجنے لگی ۔صدارتی خطبے سے قبل امان اللہ (ایم اے گولڈ میڈلسٹ، ریسرچ اسکالر) نے اپنی دلکش تقریر میں ابوالکلام آزاد کی زندگی کے کچھ قابل تقلید پہلوؤں پر روشنی ڈالی تاکہ طلبہ و طلبات کی رہنمائی ہوسکے. راقم الحروف (ایڈوکیٹ شکیل دانش) نے صدارتی خطبے کے بعد مہمانوں اور طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کیا اور صداے ادب آسنسول کی اس ماہانہ نشست کی کامیابی پر اپنی خوشی کا اظہار کیا.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *